سری نگر ، 5 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا ) برہان وانی کی 8؍جولائی کو ایک تصادم کے دوروان موت کے بعد سے جاری پرتشدد احتجاج کی وجہ سے سری نگر کے کچھ علاقوں میں کرفیو اور کشمیر کے باقی علاقوں میں پابندی جاری رہنے سے آج مسلسل 59ویں دن بھی وادی میں بڑے پیمانے پر زندگی بری طرح متاثر رہی ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ آج سری نگر شہر کے سات تھانہ علاقوں میں کرفیولگایاگیا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم علاقوں کے پانچ تھانہ علاقوں میں کرفیو جاری ہے جبکہ شہر کے مضافات کے بٹمالواور میسوما میں بھی آج صبح پابندی لگادی گئی ۔افسر نے کہاکہ ایسا قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے باقی علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر کرفیو جیسی پابندی لگائی گئی ہے ۔افسر نے کہاکہ لاء اینڈآرڈر کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے حساس علاقوں میں بھاری تعداد میں پولیس فورسز کو تعینات کیاگیاہے۔وادی میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 200سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔زمینی حالات کا جائزہ لینے کے لیے کل یہاں کل جماعتی وفد بھی موجود تھا۔